ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا :10دسمبر کو منعقدہ ودھان پریشد انتخابات میں پنچایت ممبران اور میونسپل کونسلروں کا بڑھ گیا ڈیمانڈ

اترکنڑا :10دسمبر کو منعقدہ ودھان پریشد انتخابات میں پنچایت ممبران اور میونسپل کونسلروں کا بڑھ گیا ڈیمانڈ

Tue, 16 Nov 2021 20:12:46    S.O. News Service

کاروار:16؍نومبر(ایس اؤ نیوز) مقامی عوامی اداروں سے ودھا ن پریشد کے دو ممبران کو منتخب کرنے کےلئے  10دسمبر 2021 کو  انتخابات  منعقد ہونگے۔اس الیکشن کے پیش نظر اب  پنچایت ممبران اور کونسلروں کا ڈیمانڈ بڑھ گیا ہے۔

متعلقہ انتخابات میں مقامی عوامی ادارے ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت ، گرام پنچایت ، میونسپالٹی، شہری میونسپالٹی اور پٹن پنچایت کے منتخب ممبران کو اپنے ووٹوں کے ا استعمال کا حق ہوتا ہے۔ گذشتہ میعاد میں 3143ممبران تھےتو اس مرتبہ ضلع پنچایت اور تعلقہ پنچایت ممبران کی میعاد ختم ہونےکی وجہ سے رائے دہندگان کی تعداد 2890 ہوگئی ہے،الیکشن کمیشن کی طرف سے فہرست کا اعلان ہونےکے بعد ہی پتہ چلے گا کہ  ان میں سے کتنے ممبران ووٹنگ کے  اہل ہیں۔

ضلع میں گرام پنچایت ممبران کی تعداد زیادہ ہونےکی وجہ سے انہیں بطور رائے دہندہ استعمال کرنے کے لئے سیاسی پارٹیاں کافی کسرت میں مصروف ہیں۔ کیونکہ گرام پنچایت ممبران کسی پارٹی کی طرف سےمنتخب نہیں ہوتے ہیں لیکن وہ کسی نہ کسی پارٹی سے جڑے رہتےہیں یا حمایتی ہوتےہیں۔ اب انہیں کون آشیرواد دے گا اور ان کا رجحان کس طرف ہوگا اس پر پارٹی اور امیدوار کا مستقبل طئے ہوتاہے۔

گذشتہ انتخابات میں کانگریس کی جانب سے ایس ایل گھوٹنیکر نے فتح حاصل کی تھی اور ان کے خلاف بی جےپی کے گنپتی الویکر کو  بہت ہی کم ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ اُس وقت ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی اور ضلع کے5ودھان سبھا حلقوں میں ارکان اسمبلی بھی کانگریس کے  تھے۔ ضلع میں بی جےپی کے حمایتی اور پارٹی ممبران کی کل تعداد صرف 400تھی  اس کے باوجود بی جے پی کا امیدوار 1005ووٹ لےکر بہت ہی کم ووٹوں سے  ہارا تھا۔

اب ضلع میں کل 227گرام پنچایت اور 11مقامی ادارے ہیں۔ ان میں گرام پنچایت کے 2662رائے دہندگان ہیں تو مقامی اداروں میں 228ووٹر ہیں۔ دونوں کی مجموعی تعداد 2890ہوتی ہے۔ جس کے لئے 238پولنگ بوتھ  بنائے گئےہیں۔

رائے دہی کا حق کھونے کا خوف :رہاست میں تعلقہ پنچایت اور ضلع پنچایت کی میعاد ختم ہونے کے بعد مرکزی الیکشن کمیشن نے ریاست کی ودھان پریشد کے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ جس کے نتیجےمیں اترکنڑا ضلع کے 300سے زائد اور ریاست کے ہزاروں ضلع پنچایت اور تعلقہ پنچایت کے ممبران رائے دہی کے حق سے محروم ہونے کا اندیشہ ہے۔

رائے دہی کی مانگ :پنچایت راج نظام کے تحت مقامی عوامی اداروں کے ممبران صرف اسی  ایک انتخابات میں اپنی  رائے دہی کا حق استعمال کرتےہیں۔ 10دسمبر کو ریاست بھر میں ودھان پریشد کے25ممبران کے لئے انتخابات منعقد ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا ہےکہ 14دسمبر کو انتخابی نتائج کا اعلان ہوگا۔ ان حالات میں میعاد مکمل کرنے والے  ضلع پنچایت اور تعلقہ پنچایت کے ممبرا ن نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بھی اس انتخابات میں ووٹنگ کا موقع دیاجائے ۔


Share: